جوہرٹا ئون: 40 سال پرانا سیوریج بدلنے کا ٹھیکا

منصوبے پر1ارب 9 کروڑ 96 لاکھ کی لاگت آئے گی ،جون 26 میں مکمل ہوگا
لاہور (کرائم رپورٹر)جوہر ٹا ئون میں 40 سال پرانی اور بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبے میں اہم پیشرفت ہو گئی۔مین بلیوارڈ جوہر ٹا ئون کی سیوریج لائن خستہ حالی کا شکار اور شگاف زدہ تھی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔واسا نے سیوریج لائن کی تبدیلی کے لئے کنٹریکٹر کو ٹھیکہ الاٹ کر دیا ۔ اس منصوبے پر ایک ارب 9 کروڑ 96 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی جبکہ مجموعی طور پر اس کا تخمینہ ایک ارب 90 کروڑ روپے لگایا گیا۔منصوبے کے تحت 72 انچ کا نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا، جو بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔سیوریج لائن ڈالنے کیلئے شوکت خانم سے اللہ ہو چوک جانے والی سڑک استعمال کی جائے گی، جبکہ مین بلیوارڈ سے گزرنے والی ملحقہ لائنوں کو بھی نئے سرے سے منسلک کیا جائے گا۔یہ منصوبہ جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا، جس سے مستقبل میں سیوریج لائن میں شگاف پڑنے کے واقعات کو روکا جا سکے گا۔موجودہ صورتحال میں جوہر ٹا ئون مین بلیوارڈ خیابان فردوسی پر سیوریج لائن بوسیدہ ہونے کی وجہ سے ایک لین کو بیریئر لگا کر بند کیا گیاہے۔