صرف ایک بڈر کی بولی جمع ہوئی اور اسے منصوبہ ایوارڈ کردیا گیا، آڈیٹر جنرل حکام کا پی اے سی اجلاس میں انکشاف
اسلام آباد(آئی این پی )سال 2023 میں نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی عمارت تعمیر کرنے کے ٹھیکے میں کرپشن کا انکشاف ہوا ہے جس سے این ایل سی کو 18کروڑ 99لاکھ کا نقصان پہنچا۔ تفصیل کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں 18کروڑ 98لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں سے متعلق آڈٹ پیرا کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی عمارت کی تعمیر کے لیے منصوبہ ایوارڈ کیا گیا، عمارت کی تعمیر کیلئے منصوبہ براہ راست این ایل سی کو ایوارڈ کیا گیا ، این ڈی ایم اے اور این ایل سی کے درمیان معاہدہ مارچ 2023میں ہوا۔آڈیٹر جنرل حکام نے بتایا کہ صرف ایک بڈر نے بولی جمع کرائی اور اسے منصوبہ ایوارڈ کردیا گیا۔این ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے بولی سب کے لیے کھولی گئی تھی۔آڈیٹرز نے کہا کہ بولی کی رقم مناسب ہے یا نہیں اس کے تعین کا کوئی میکانزم نہیں تھا۔عمر ایوب خان نے کہا کہ یہ کون سی بڈنگ تھی جو آپ اوپن بڈنگ سے نہیں کرا سکتے تھے؟ آخر اس عمارت میں کون سا میزائل بننا تھا جو بڈ اوپن نہیں کی گئی؟آڈیٹرز نے کہا کہ ہم صرف یہ سوال اٹھا رہے کیا یہ دو کمپنیاں ہی تمام منصوبے بنانے کے اہل ہیں؟پبلک اکائونٹس کمیٹی نے این ڈی ایم اے سے اس معاملے پر ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔