کراچی:
شہر قائد میں ایک اور محنت کش ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ کورنگی نمبر ڈھائی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 40 سالہ سعد اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول سرکاری ادارے کے ریٹائرڈ افسر کا بیٹا اور تین بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔
واقعے کی تفصیلات
پولیس کے مطابق، مقتول سعد اللہ اپنے بھائی اور دوست کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا تھا کہ موٹرسائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے واردات کی اور فرار ہونے لگے۔ اس دوران سعد اللہ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا۔ ملزم نے خود کو چھڑانے کے لیے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک گولی سعد اللہ کے پیٹ میں لگ گئی۔
علاقہ مکینوں کا ردعمل
فائرنگ کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے، تاہم علاقہ مکینوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔
مقتول کی شناخت اور پس منظر
مقتول وائی ایریا، کورنگی کا رہائشی تھا۔ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا مگر کچھ دنوں سے بے روزگار تھا۔13 سالہ بیٹے کا باپ تھا اور گجرانوالہ سے تعلق رکھتا تھا۔
مقتول کے والد کا حکومت سے مطالبہ
سعد اللہ کے والد، اسلم، جو ایک بنگلے میں ملازمت کرتے ہیں، نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا:"میرا بیٹا محنت کش تھا، ڈاکوؤں کو لگام دی جائے تاکہ مزید بیٹوں کی جانیں نہ جائیں۔"
ورثا کا انصاف کا مطالبہ
مقتول کے اہلخانہ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قاتلوں کی گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوسکے۔