کراچی: گلستان جوہر میں ڈبل کیبن ویگو ڈالے میں سوار شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈکیت اور ایک راہ گیر شہری زخمی ہوگئے۔
شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 12 میں نجی اسپتال کے قریب، موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکوؤں نے ڈبل کیبن ویگو ڈالے میں سوار شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کی۔ ویگو ڈالے میں سوار شہریوں نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت اور ایک راہ گیر شہری زخمی ہوئے۔ زخمی ڈکیت کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔موقع پر موجود شہریوں نے زخمی ڈکیت کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی ڈکیت اور راہ گیر شہری کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
ایس ایچ او شارع فیصل، انعام جونیجو کے مطابق زخمی ڈکیت کی شناخت اسماعیل اور زخمی راہ گیر شہری کی شناخت بھگوان داس کے نام سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ایس ایچ او کے مطابق، واقعے کے بعد ویگو ڈالے میں سوار شہری موقع سے فرار ہو گئے، جنہیں تلاش کیا جا رہا ہے، اور زخمی ڈکیت کے مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔