ہمسایہ ممالک کیساتھ تعلقات کی مضبوطی خارجہ پالیسی کا بنیادی و پائیدار ستون:ایرانی سفیر

 پاکستان کیساتھ برادرانہ رشتہ ایک خاص مقام رکھتا ہے، مشترکہ نقطہ نظر دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے
 اجتماعی کوششوں کو ہماری صلاحیتوں کو بڑھانے، علاقائی ترقی کو فروغ دینے اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے،ڈاکٹر رضا امیری مقدم
 اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی اور پائیدار ستون ہے، پاکستان کے ساتھ ہمارا برادرانہ رشتہ ایک خاص مقام رکھتا ہے جس پر ایران کے سپریم لیڈر نے مسلسل زور دیا ہے، یہ مشترکہ نقطہ نظر دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایران کے اسلامی انقلاب کی فتح کی 46 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں ہم نے اقتصادی اور سیاسی شعبوں میں مختلف اقدامات کیے ہیں جن میں سرحدی گزرگاہوں اور تجارتی منڈیوں کو کھولنا شامل ہے جس نے دونوں ممالک اور وسیع تر خطے کی اقتصادی خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی رابطے، مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہماری اجتماعی کوششوں کو ہماری صلاحیتوں کو بڑھانے، علاقائی ترقی کو فروغ دینے اور ہمارے لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج دوستانہ، برادرانہ اور پڑوسی ملک پاکستان میں ایران کا قومی دن منانے کے لیے آپ کے درمیان ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، ایران کا اسلامی انقلاب 20 ویں صدی کے سب سے اہم واقعات میں سے ایک ہے، اس انقلاب نے خود انحصاری، سیاسی اور ثقافتی خودمختاری اور خود کفالت کا جذبہ پیدا کیا جس نے ایران کے آگے بڑھنے کے راستے کو تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد چیلنجز، دبائو اور پابندیوں کے باوجود ایران نے سائنس و ٹیکنالوجی، طب، نینو ٹیکنالوجی، اسٹیم سیل ریسرچ، ایرو اسپیس اور بہت سے دوسرے شعبوں میں شاندار پیش رفت کی ہے۔