پارلیمنٹ کا ستون مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے:عرفان صدیقی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ کسی ستون کے پاؤں ہوا میں ہیں تو اس کا سبب اْس ستون کا اپنا کھوکھلا پن ہو سکتا ہے۔ سوشل میڈیا 'ایکس' پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہماری عدلیہ چھبیسویں آئینی ترمیم، ججوں کے تبادلوں اور تقرریوں سے بہت پہلے دنیا کے 142 ممالک میں 130ویں اور خطے کے 6 ممالک میں 5ویں نمبر پر آ چکی تھی۔ اس اعزاز کا سہرا کسی اور نہیں خود عدلیہ کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ستون ماضی کی نسبت کہیں زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے اور انتظامیہ پوری ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ کسی ستون کے پاؤں ہوا میں ہیں تو اس کا سبب اْس ستون کا اپنا کھوکھلا پن ہو سکتا ہے۔