ایران ہمسایہ ممالک کیخلاف حملے فوری روکے وزرائے خارجہ اجلاس قطر کے گیس پلانٹ پر حملہ‘سپلائی بند

وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں پاکستان، یواے ای، قطر، اردن، شام، مصر، ترکیہ  کی  شرکت ‘ایران کو جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں:سعودی وزیرخارجہ
ایران پر جاری حملوں میں ایک ہزار444 شہری شہید، 18 ہزار551 شہری زخمی ہوئے‘ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 100بچوں سمیت 968شہری شہید
 ایران کے حملوں میں 13امریکی فوجی ہلاک ،یواے ای میں 8، کویت میں 6 بحرین میں 2 اور عمان میں 3شہری جاں بحق ہوئے: جنگ میں  نقصان کی تفصیلات جاری 
ریاض‘تہران (آئی این پی) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں ایران سے ہمسایہ ممالک کے خلاف حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، قطر، اردن، شام، مصر، ترکیہ، بحرین اور کویت کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، جہاں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پڑوسی ممالک پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور ایسے اقدامات سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک پر حملوں سے تہران کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور اگر ایران یہ سمجھتا ہے کہ خطے کے ممالک جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر سعودی قیادت مناسب فیصلے کرے گی اور مملکت کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔انہوں نے مزید زور دیا کہ ایران کو خطے میں پراکسی گروپس کی حمایت بند کرنا ہوگی اور سمندری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔دریں اثناء مشرق وسطی کی جنگ میں ہونیوالے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر جاری حملوں میں ایک ہزار444شہری شہید ہوچکے،ایران پر حملوں میں اب تک 18ہزار551شہری زخمی ہوئے۔ لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 100بچوں سمیت 968شہری شہید ہوئے،عراق میں حملوں میں پاپولر موبلا ئزیشن فورسز کے 60ارکان شہید ہوچکے، عرب میڈیا کے مطابق ایران کے حملوں میں 13امریکی فوجی ہلاک ہوئے،یواے ای میں 8، کویت میں 6 بحرین میں 2 اور عمان میں 3شہری جاں بحق ہوئے۔