چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے:زرداری

چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کی ہے:وزیرخارجہ سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چین کے ساتھ فولادی بھائی چارے کے عزم کی تجدید کی۔ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ملاقات کی۔صدر آصف زرداری نے چین کے ساتھ فولادی بھائی چارے کے عزم کی تجدید کی اور کہا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور ہر موسم کے شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، چین نے ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی حمایت کی ہے۔صدر مملکت نے بیجنگ اور گانسو کے سیلاب پر چین سے اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاک-چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) پاک-چین مشترکہ وژن کی تکمیل کا اہم ذریعہ ہے