پارا چنارمیں راستوں کی بندش کے نتیجے میں 5لاکھ سے زائد آبادی ضلع میں محصور ہو کر رہ گئی ہے، ذرائع
کرم (آئی این پی ) پاراچنار کی واحد مین سڑک اور پاک افغان خرلاچی بارڈر گذشتہ 129 روز سے ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے جس کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہے، ضلعی انتظامیہ کا علاقے میں دیرپا امن قائم کرتے ہوئے بنکرز مسماری کا عمل بھی جاری ہے، اب تک 48بنکرز مسمار کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پارا چنارمیں راستوں کی بندش کے نتیجے میں 5لاکھ سے زائد آبادی ضلع میں محصور ہو کر رہ گئی ہے۔اوورسیز پاکستانی اور طلبہ و طالبات گزشتہ چار ماہ سے راستوں کے کھلنے کے منتظر ہیں، ضلع میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت ہے، پبلک ٹرانسپورٹ، کاروباری مراکز، اور اے ٹی ایم مشینز مکمل طور پر بند ہیں جس کے باعث عوام کو مواصلاتی مسائل کا بھی سامنا ہے۔ بگن کے مقامی لوگوں کے مطابق بگن متاثرین کو ابھی تک کسی قسم کا ریلیف پیکج نہیں ملا ہے۔