ٹل پاراچنار مین شاہراہ، پاک افغان خرلاچی بارڈر کی بندش، معمولات زندگی مفلوج

اشیائے خوردونوش، پٹرول اور ڈیزل کی قلت،ضلع کرم میں بنکرز کی مسماری جاری، اب تک 988 بنکرز مسمار
پاراچنار(آئی این پی)ضلع کرم میں ٹل پاراچنار مین شاہراہ اور پاک افغان خرلاچی بارڈر کی بندش کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا جبکہ کوہاٹ امن معاہدے کے بعد ضلع کرم میں بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے، اب ضلع کرم میں 988 بنکرز مسمار ہوچکے ہیں۔ضلع کرم میں ٹل پاراچنار مین شاہراہ اور پاک افغان خرلاچی بارڈر 186 روز سے بند ہیں، جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔اشیائے خوردونوش، پٹرول اور ڈیزل کی قلت نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا، پٹرول پمپ بند ہونے سے تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں جبکہ بلیک میں فی لیٹر پٹرول 600سے 800روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔دھرنا مظاہرین 34 دنوں سے پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ میں شاہراہ کو عام آمد و رفت کے لیے کھولا جائے۔