بنگلہ دیش میں شدید سردی سے معمولات زندگی متاثر،10 افراد جاں بحق

 سردی کی لہر اور برفیلی ہوائو ں نے عام لوگوں کے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا
ڈھاکہ(آئی این پی )بنگلہ دیش کے شہر جیسور میں 24 گھنٹوں کے دوران شدید سردی سے 10 افراد جاںبحق ہو گئے ۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے مختلف اضلاع میں گزشتہ چند دنوں سے چلنے والی ہلکی سردی کی لہر اور برفیلی ہوائو ں نے عام لوگوں کے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق بنگلہ دیش کے جیسور جنرل ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 افراد سردی سے متعلق بیماریوں سے جاںبحق ہوئے ہیں، مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافے نے ہسپتال کے بیڈز اور میڈیکل مینجمنٹ کے بارے میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔دوسری جانب ڈھاکہ کے ہسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 290 مریضوں کو داخل کیا گیا ہے، جن میں سے سو سے زائد مریض نزلہ زکام کے مسائل کے ساتھ آئے ہیں، ان میں سے 54 بچے ہیں ڈھاکہ میں سب سے کم درجہ حرارت 9.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سردی کے ساتھ ساتھ سردی سے متعلق مختلف بیماریوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے