ڈیڑھ لاکھ لٹر دودھ ، 81ہزار کلو گوشت تلف

بیمار مرغیاں ٹولنٹن مارکیٹ کی دکانوں پر سپلائی کی جانے والی تھیں، فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری 
لاہور (کرائم رپورٹر) چھٹی کے دن لاہور میں آنے والے دودھ اور گوشت کی چیکنگ کے دوران ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ٹیموں نے سخت کریک ڈا ئون کیا۔ علی الصبح لاہور کے داخلی راستوں اور ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائرز اور مارکیٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔اس کارروائی کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار لٹر دودھ، 81 ہزار 500 کلو گوشت اور 2 ہزار 185 کلو بیمار یا مردہ مرغیاں تلف کی گئیں۔ 25 دودھ بردار گاڑیاں، 20 میٹ گودام اور مختلف سپلائرز کی چیکنگ کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ 8 ملک اینڈ میٹ سپلائرز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ تلف شدہ مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف امراض میں مبتلا پائی گئی تھیں۔ بیمار اور کم وزن مرغیاں ٹولنٹن مارکیٹ کی دکانوں پر سپلائی کی جانے والی تھیں۔ویٹرنری سپیشلسٹ نے برا?مد شدہ بیمار مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور کہا کہ بیمار مرغیوں کا گوشت تیار کرنا سنگین جرم ہے۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 3 شفٹوں میں فوڈ بزنسز کی کڑی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔