امیگریشن کو سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایات

آف لوڈنگ کے معاملات میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی کارروائی کا حکم 
لاہور( کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کر کے ڈیپارچر لائونج میں امیگریشن اور ڈیپارچر پراسس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے امیگریشن کو سروس ڈلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے آف لوڈنگ کے معاملات میں شفافیت اور میرٹ پر مبنی کارروائی کا حکم دیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے مسافروں کی سہولت اور دورانِ امیگریشن آسانی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مسافروں کے مسائل فوری حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ مسافروں کو بہترین امیگریشن سروس کی فراہمی ایف آئی اے کی اولین ترجیح ہے،امیگریشن پراسس میں غیر ضروری تاخیر ہرگز نہ کی جائے، فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے حسن اخلاق اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے امیگریشن کائونٹرز پر سٹاف کی کارکردگی اور نظم و ضبط کا معائنہ بھی کیا۔غیر قانونی امیگریشن اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے عناصر کی روک تھام کے لئے سخت سکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔