انڈونیشیا کے صدر پاکستان کے دورے پرآج اسلام آباد پہنچیں گے

اسلام آباد(آئی این پی ) انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو دو روزہ دورے پر آج ( پیر کو) پاکستان پہنچیں گے، انڈونیشین صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں۔وزیراعظم نے گزشتہ دورہ انڈونیشیا کے دوران صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی، جسے اب باضابطہ طور پر قبول کر لیا گیا ہے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔انڈونیشیا کے صدر کے ساتھ ایک اعلی سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا، جومختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق ملاقاتیں کرے گا۔انڈونیشین صدر اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات بھی متوقع ہے، مہمان صدر کی عسکری قیادت سے ملاقات کا بھی قوی امکان ہے۔دورے کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق فریقین تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی پیداوار اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو بڑھانے پر بھی جامع بات چیت کریں گے۔