امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچیں گے

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ13 سے 15 مئی تک سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچیں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کریں گے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس ملاقات میں ایران کی صورتحال، تجارتی کشیدگی، تائیوان اور دیگر عالمی معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔ وائٹ ہاؤس حکام نے اس دورے کو انتہائی اہم علامتی اور سفارتی دورہ قرار دیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ صرف رسمی ملاقاتوں کے لیے چین نہیں جا رہے بلکہ وہ امریکا کے لیے نئے تجارتی معاہدے اور اقتصادی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ دورہ صدر ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت میں چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل ان کا دورہ مارچ یا اپریل میں متوقع تھا، تاہم ایران جنگ کی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔دورے کے دوران صدر ٹرمپ بیجنگ کے تاریخی مقام ٹیمپل آف ہیون کا دورہ بھی کریں گے جبکہ ان کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت بھی دی جائے گی۔ یہ کسی امریکی صدر کا 2017 کے بعد پہلا دورہ? چین ہوگا۔