قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے پاکستان کرکٹ چھوڑ کر امریکا کی جانب سے کھیلنے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت پیش کردی۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ عرصے سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ خوشدل شاہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے اور امریکا کی نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تاہم خوشدل شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ان خبروں کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا۔آل راؤنڈر نے کہا کہ ان کے پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق جھوٹی خبریں گردش کر رہی ہیں، پاکستان ان کا گھر ہے اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہمیشہ ان کی اولین ترجیح اور سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔خوشدل شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ ان کی وابستگی میں نہ کبھی کوئی تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی آئندہ آئے گی۔یوں قومی آل راؤنڈر نے امریکا کی جانب سے کھیلنے اور پاکستان کرکٹ چھوڑنے سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کی واضح طور پر تردید کردی ہے۔