پاکستان کرکٹ بورڈ نے چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چاچا کرکٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معروف اور دیرینہ شائقِ کرکٹ چاچا کرکٹ کو ان کی طویل خدمات اور پاکستان کرکٹ کے لیے بے مثال جذبے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

چاچا کرکٹ نے آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کو اپنی آخری باقاعدہ اسٹیڈیم سیریز قرار دیا ہے، جس کے بعد ان کے ممکنہ طور پر میدانوں میں مستقل حاضری کے سفر کا ایک اہم باب مکمل ہو جائے گا۔چاچا کرکٹ کئی دہائیوں سے پاکستان کے کرکٹ اسٹیڈیمز میں موجود رہ کر قومی ٹیم کو بھرپور انداز میں سپورٹ کرتے رہے ہیں، اور ان کی پرجوش موجودگی کو شائقین اور کھلاڑی دونوں ہی خاص اہمیت دیتے ہیں۔پی سی بی کے مطابق چاچا کرکٹ ایک عام فین سے کہیں بڑھ کر ہیں، جنہوں نے ہمیشہ مشکل اور خوشی کے ہر موقع پر پاکستان کرکٹ کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ آج دوسرے ون ڈے میچ کے دوران چاچا کرکٹ کو خصوصی اعزاز سے نوازے گا، انہیں مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا جائے گا اور ان کے اعزاز میں کیک بھی کاٹا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ میچ کی اختتامی تقریب میں بھی انہیں خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا، جہاں ان کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا جائے گا۔