رکشہ چور گینگ کے خلاف کریک ڈائون، دو گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) گوالمنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک رکشہ چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بلال عرف ’’پسو‘‘ اور عبدالخالق کے قبضے سے تین چنگ چی رکشے اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں سے رکشے چوری کرکے فیصل آباد میں فروخت کرتے تھے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو چوری شدہ رکشہ لے جاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او گوالمنڈی سلطان محمود نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر گوالمنڈی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم کے انسداد کے لیے کڑی نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔