لاہور( کرائم رپورٹر)وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی قیادت، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بجلی چوروں کے خلاف سخت کریک ڈائون جاری ہے۔لیسکو نے پولیس اور رینجرز کے تعاون سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیا۔ اگست 2025 کے دوران کمپنی کو مجموعی طور پر 5 ہزار 762 بجلی چوری کی شکایات موصول ہوئیں جن میں گھریلو 5 ہزار 465، کمرشل 184، زرعی 105 اور صنعتی 8 شامل ہیں۔لیسکو کی جانب سے 5 ہزار 696 ایف آئی آرز کے اندراج کی درخواستیں کی گئیں جن میں سے 3 ہزار 257 ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ کارروائی کے دوران 50 بجلی چور گرفتار بھی کیے گئے۔کارروائی میں 98 لاکھ 9 ہزار سے زائد یونٹس پر مشتمل بجلی چوری پکڑی گئی جس پر 24 کروڑ 91 لاکھ 55 ہزار روپے کے ڈٹیکشن بلز جاری کیے گئے۔ اب تک بجلی چوروں سے 4 کروڑ 80 لاکھ 52 ہزار روپے سے زائد کی ریکوری ہو چکی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ''بجلی چور دراصل قوم کے چور ہیں'' اور واضح کیا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کسی بھی سطح پر بجلی چوری برداشت نہیں کی جائے گی۔