ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 خوارج ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ضلع ہنگو میں فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید دباؤ میں دہشت گردوں نے مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی، جس کے باعث عبادت گاہ کا تقدس پامال ہوا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 خوارج دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔ ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے کیپٹن حمزہ اکرم اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہے تھے اور بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

علاقے میں بھارتی سرپرستی میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پاکستان میں غیرملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ قوم کے تحفظ کے لیے بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا کیپٹن حمزہ اکرم کو خراجِ عقیدت
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ اکرم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیانات میں انہوں نے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی بہادری، جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک کے دفاع، امن و سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔