بنوں: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس کارروائی جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جاسکے۔