لاہور میں بارش، ڈی آئی جی ٹریفک کی افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور میں بارش، ڈی آئی جی ٹریفک کی افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے بارش کے دوران ٹریفک انتظامات کے لیے تمام سی ٹی اوز، ڈی ٹی اوز اور فیلڈ افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک ڈیوٹی ہر صورت الرٹ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث اگر کوئی سڑک یا راستہ بند ہو تو شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، جبکہ پانی جمع ہونے والے مقامات پر فوری طور پر بیریئرز اور وارننگ سائنز نصب کیے جائیں۔محمد وقاص نذیر نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اپنی حفاظت یقینی بناتے ہوئے شہریوں کی معاونت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ امدادی ٹیموں اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے ہموار رکھنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو فیلڈ افسران کے ہمراہ ٹریفک انتظامات کی مکمل نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری اور فیلڈ اسٹاف باہمی رابطے کے ساتھ شہریوں اور متعلقہ اداروں کی مدد کے لیے متحرک رہیں۔انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو چھتری اور برساتی کے استعمال کے ذریعے خود کو محفوظ رکھنے کی ہدایت کی، جبکہ لفٹرز اور بریک ڈاؤن سروسز کو بھی فیلڈ میں مکمل الرٹ رکھنے کا حکم دیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں اور اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔