لاہور: چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بارش کے پیش نظر تمام ٹریفک افسران کو اپنی اپنی ڈویژنوں اور سرکلز میں مسلسل گشت اور نگرانی کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
سی ٹی او نے کینال روڈ کے تمام انڈر پاسز پر اضافی نفری تعینات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے واسا انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں، تاکہ بارش کے باعث کسی بھی مقام پر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں بھی اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارش کے دوران شہر میں کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے تمام ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی کالز پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات، کھمبوں اور لٹکتی ہوئی تاروں سے محفوظ فاصلہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔