وزیر داخلہ محسن نقوی کی خیرپور حملے کی مذمت، شہید پولیس اہلکار مقبول شیخ کو خراجِ عقیدت

وزیر داخلہ محسن نقوی کی خیرپور حملے کی مذمت، شہید پولیس اہلکار مقبول شیخ کو خراجِ عقیدت

ویب ڈیسک: وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کے اسکواڈ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار مقبول شیخ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مقبول شیخ نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا اور پوری قوم ان کی قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیر داخلہ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی حملے میں زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

 واقعے کی تفصیل:

واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیشن جج لاڑکانہ سمکان مغل کا قافلہ خیرپور کے علاقے ٹنڈو مستی سے گزر رہا تھا۔اس دوران ڈاکوؤں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اسکواڈ کے اہلکار مقبول شیخ شہید جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔خوش قسمتی سے سیشن جج محفوظ رہے۔شہید اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر چانڈکا اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
 پولیس کا ایکشن:
واقعے کے بعد خیرپور اور لاڑکانہ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد حملہ آوروں کو جلد گرفتار کرنا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا:"پولیس اہلکار ہماری پہلی دفاعی لائن ہیں، ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ شہید مقبول شیخ نے بہادری کی نئی مثال قائم کی ہے۔"
واقعے نے سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سیکیورٹی پر سوالات بھی اٹھا دیے ہیں، اور امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔