چینی کی اوسط قیمت بدستور سرکاری نرخ سے زیادہ

چینی کی اوسط قیمت بدستور سرکاری نرخ سے زیادہ

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں کے تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں معمولی کمی ضرور ہوئی ہے، تاہم بیشتر شہروں میں نرخ اب بھی وفاقی حکومت کے مقرر کردہ سرکاری ریٹ سے زیادہ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 178 روپے 67 پیسے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 66 پیسے کم ہے۔ اس کے باوجود کراچی، پشاور اور بہاولپور کے شہری بدستور 190 روپے فی کلو کی بلند ترین قیمت پر چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔پنجاب کے کئی شہروں اور وفاقی دارالحکومت میں صورتحال نسبتاً بہتر ہے۔ اسلام آباد میں چینی 172 روپے فی کلو اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں 173 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ تاہم پنجاب کے بعض علاقوں میں بھی نرخ 190 روپے فی کلو تک پہنچے ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 146 روپے 75 پیسے فی کلو تھی، جس کا مطلب ہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں اس بنیادی غذائی آئٹم کی قیمت میں 30 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی حکومت نے 15 جولائی کو چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کی تھی، جبکہ اسلام آباد میں ریٹیل قیمت 172 روپے اور پنجاب و کراچی میں 173 روپے فی کلو طے کی گئی تھی۔ اس کے باوجود مارکیٹ میں نرخ کنٹرول نہ ہو سکے، اور بعض شہروں میں قیمتیں 190 روپے فی کلو کی بلند سطح پر برقرار ہیں۔