گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی، چینی کی قیمت بدستور بلند سطح پر

گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی، چینی کی قیمت بدستور بلند سطح پر

لاہور: شہر کی اوپن مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے، جہاں ایک جانب گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، وہیں چینی کی قیمتیں مسلسل اضافے کی جانب گامزن ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف درجہ بندیوں کے گھی کی قیمتوں میں خاصی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔درجہ دوم کا گھی 30 روپے فی کلو سستا ہو کر اب 500 روپے فی کلو ہول سیل ریٹ پر فروخت ہو رہا ہے،جبکہ درجہ سوم کا گھی 50 روپے فی کلو کمی کے بعد 390 روپے فی کلو ہول سیل قیمت پر دستیاب ہے۔
درجہ اول کے گھی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے اور یہ اب 550 روپے فی کلو پر ہول سیل میں فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب چینی کی قیمت میں اضافہ جاری ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق 50 کلو چینی کا تھیلا 150 روپے مہنگا ہو کر 8350 روپے کا ہو گیا ہے۔
چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 50 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد چینی ہول سیل میں 167 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق گھی کی قیمتوں میں کمی بین الاقوامی پام آئل کی قیمتوں میں کمی کے سبب ہوئی ہے، جبکہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ موسمی اثرات، ذخیرہ اندوزی اور رسد میں کمی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔