شاہراہِ قراقرم کا حصہ سیلاب میں تباہ، پاک–چین زمینی رابطہ معطل

شاہراہِ قراقرم کا حصہ سیلاب میں تباہ، پاک–چین زمینی رابطہ معطل

ویب ڈیسک: بالائی ہنزہ میں دریا کے شدید کٹاؤ کے باعث شاہراہِ قراقرم کا ایک بڑا حصہ دریا میں بہہ گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ معطل ہوگیا۔

گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے اور مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ہنزہ کے علاقے مورخون میں دریا کے کٹاؤ سے شاہراہِ قراقرم کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جس کی بحالی کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر متعلقہ ادارے موقع پر روانہ کر دیے گئے ہیں۔دوسری جانب اسکردو کے علاقے زھوق کچورا میں کشتی الٹنے سے لاپتا ہونے والے سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ فیض اللہ فراق نے بتایا کہ جھیلوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث کشتیاں چلانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے، اور اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔