ہری پور: گاؤں کالیلاڑ، ناڑہ آمازئی اور غازی کے علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ سے علاقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ مرکزی واحد سڑک مٹی اور ملبہ گرنے کے باعث مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سڑک کی بندش کے نتیجے میں متعدد دیہات کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔لینڈ سلائیڈنگ سے گاؤں کا گورنمنٹ پرائمری اسکول کالیلاڑ بھی متاثر ہوا ہے۔ ملبہ گرنے کے باعث اسکول کی عمارت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ علاقے میں صورتحال کے باعث مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔شدید بارشوں کے باعث بجلی کے متعدد کھمبے بھی گر گئے، جس کے نتیجے میں پورے علاقے کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث سڑک کی بحالی اور آمدورفت کی بحالی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ علاقے میں موجود ملبہ اور پہاڑی تودے گرنے کے باعث سفر کرنا خطرناک ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔مقامی آبادی نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بند سڑک کو فوری طور پر کھولا جائے، بجلی کی فراہمی بحال کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی و حفاظتی اقدامات تیز کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔