چترال میں جغور گول نالہ بپھر گیا، سیلاب سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

چترال میں جغور گول نالہ بپھر گیا، سیلاب سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

ملک کے بالائی علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد لوئر چترال کے جغور گول نالہ میں آنے والے سیلابی ریلے نے گاؤں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 26 مکانات، ایک مسجد اور ایک رابطہ پل شدید متاثر ہوئے، جبکہ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے قابلِ کاشت زرعی اراضی، فصلوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر فلاحی اداروں کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر راؤ حاشم عظیم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ساجد علی یوسفزئی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، ایبٹ آباد، کرم، خیبر، باجوڑ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیر میں 61 ملی میٹر، پشاور اور بالاکوٹ میں 32 ملی میٹر، مالم جبہ میں 25 ملی میٹر جبکہ چراٹ اور کاکال میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے۔