چلاس اور گردونواح میں دوسرے روز بھی جاری بارش کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
علاقے میں داریل، تانگیر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ضلع دیامر کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، تھور ٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ پر ہونے والی برفباری سے پہاڑی سلسلے سفید چادر اوڑھ گئے ہیں۔برفباری نے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے، لیکن مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی ہے کیونکہ کئی علاقے روابط سے کٹ گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، رات گئے بارش کے سبب شاہراہِ قراقرم کے گندلو کے مقام پر چلاس سے گلگت جانے والی سیکشن ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ شاہراہِ قراقرم کی بحالی کا کام ابھی شروع نہیں ہو سکا ہے۔انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث شاہراہِ قراقرم کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، لہٰذا مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔