آئی جی پنجاب کی منظوری، کینسر و دیگر امراض میں مبتلا ملازمین کو رقوم فراہم
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہیں، اسی سلسلے میں مختلف امراض میں مبتلا ملازمین اور لواحقین کے علاج کیلئے مزید 24 لاکھ 25 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اے ایس آئی شوکت علی اور مرحوم کانسٹیبل نذیر احمد کی بیوہ کو کینسر کے علاج کیلئے 5، 5 لاکھ روپے، انسپکٹر اسد اللہ، کانسٹیبل محمد جمیل کی بیویوں اور ٹریفک اسسٹنٹ سجاد حسین کو علاج کی مد میں 2.5 لاکھ روپے فی کس فراہم کیے گئے۔ کانسٹیبل صدام حسین اور مرحوم کانسٹیبل ذوالفقار علی کی بیوہ کو 2، 2 لاکھ روپے، جبکہ کانسٹیبل طاہر علی، ذوالفقار علی، ریٹائرڈ کانسٹیبل محبوب عالم اور لیڈی کانسٹیبل اقصیٰ ارشاد کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 75 ہزار روپے دیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے فنڈز کی منظوری میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد دی اور کہا کہ پولیس ملازمین کو مختلف اداروں سے ایم او یوز کے تحت جدید طبی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔