لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 22 لاکھ روپے کی رقم جاری کردی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی ٹریفک اسسٹنٹ وقار ندیم کو طبی اخراجات کیلئے 10 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل ظہور احمد کو طبی اخراجات کے لیے5 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل مظہر حسین اور زخمی کانسٹیبل اصغر علی کو3 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس دیئے گئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ افسران و اہلکار فرض کی راہ میں مختلف واقعات کے دوران زخمی ہوئے تھیایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراء کی منظوری دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ غازی اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔