پولیس اہلکاروں کی طبی اخراجات کیلئے 36 لاکھ 50 ہزار فنڈز

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 36 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم جاری کردی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زخمی کانسٹیبل محمود الحسن اور زخمی کانسٹیبل عبدالصمد کو طبی اخراجات کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس دئیے گئے۔ اسی طرح زخمی سب انسپکٹر صفدر عطا کو5 لاکھ روپے، زخمی کانسٹیبل محمد ساجد کو3 لاکھ روپے اور زخمی کانسٹیبل محمد اویس کو اڑھائی لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق زخمی ہیڈ کانسٹیبل طارق محمود اور کانسٹیبل احتشام علی کو2 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمی ڈی ایس پی فاروق احمد اور کانسٹیبل محمد عمران کو ایک لاکھ روپے فی کس طبی اخراجات کی مد میں دیے گئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہزاروں پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس غازیوں کا بہترین علاج اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ غازی اہلکاروں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجراء  کی منظوری دی۔