خیبرپختونخوا حکومت قیام امن کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ، گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائیگا
پشاور(آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے پائیدار امن کے قیام کیلئے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ افغانستان سے مذاکرات کیلئے وفاق، صوبائی، قبائلی عمائدین پر مشتمل جرگیکی تشکیل ضروری ہے، مقامی جرگے بھی قیام امن کیلئے افغانستان سے مذاکرات کی سفارش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو اعتماد میں لیے بغیر صوبے میں قیام امن ممکن نہیں، امن کے قیام میں افغانستان ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہے۔ مقامی جرگوں کا سلسلہ جاری ہے جو اگلے ہفتے تک مکمل کرلیا جائیگا، مقامی جرگوں کے بعد گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائیگا جس میں پائیدار امن کیلئے جامع سفارشات مرتب کی جائیں گی۔