پائیدار امن اور ترقی کیلئے سارک کا فعال کردار ناگزیر ہے، ڈپٹی چیئرمین سینٹ

سارک عمل کو دوبارہ فعال،  رکن ممالک پاکستان کی امن کوششوں کا ساتھ دیں، سیدال خان ناصر
اسلام آباد (آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے  لیے سارک کا فعال کردار ناگزیر ہے۔ سارک ممالک پاکستان کی امن کوششوں کا ساتھ دیں اور 2016 کے بعد تعطل کا شکار سارک عمل کو دوبارہ فعال بنایا جائے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق علاقائی تعاون اور امن کے فروغ کے لیے اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر سینیٹر حبا فواد چوہدری کی جانب سے سارک کے صدر چندی راج دھکل کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں اعلیٰ سطحی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں سیدال خان ناصر (ڈپٹی چیئرمین سینیٹ) سمیت دیگر معزز مہمان شریک ہوئے، جہاں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی تعاون اور خطے کو درپیش چیلنجز پر بامعنی گفتگو کا تبادلہ کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے سارک کا فعال کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت امن کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان کی قیادت اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا  پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے باعث جنگ بندی اور مذاکرات کے عمل میں پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔سیدال خان ناصر نے سارک ممالک پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی امن کوششوں کا ساتھ دیں اور 2016 کے بعد تعطل کا شکار سارک عمل کو دوبارہ فعال بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے بھارت کو مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا؎ گیا کہ علاقائی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ اقتصادی اور سماجی ترقی کی نئی راہیں بھی کھلیں گی