نواز شریف سے بائنینس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ کی ملاقات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال

نواز شریف سے بائنینس کے بانی چانگ پنگ ژاؤ کی ملاقات، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال

مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف سے عالمی کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم بائنینس کے سابق سی ای او اور بانی چانگ پنگ ژاؤ کی ملاقات اہم پیش رفت کا باعث بنی۔

 اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران چانگ پنگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کے اسٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر تقرر پر خوش آمدید کہا گیا۔دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل اثاثہ جات اور فیوچر ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی شراکت داری کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ چانگ پنگ ژاؤ نے بلاک چین ٹیکنالوجی اور گلوبل انٹرپرینیور شپ کے امکانات پر روشنی ڈالی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لیے جدید علوم کے فروغ پر اتفاق کیا۔نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ چانگ پنگ ژاؤ جیسی شخصیات سے پاکستان کو ترقی اور مواقع کی نئی راہیں ملتی ہیں، اور انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجیز کو اپنانا ہوگا تاکہ ملک عالمی سطح پر اپنی حیثیت قائم کر سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز سکھانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے بالکل تیار ہے اور نالج بیسڈ ٹیکنالوجی نئی جنریشن کو اختراعی اور ڈیجیٹل انٹرپرائز کی راہ پر گامزن کرے گی۔ملاقات کے اختتام پر چانگ پنگ ژاؤ نے پاکستانی نوجوانوں کی ڈیجیٹل علوم میں صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے تقرر سے پاکستان ویب تھری اور ڈیجیٹل فنانس میں ایک ریجنل ہب کے طور پر ابھرے گا۔