یونان کشتی حادثے میں ملوث اشتہاری سمیت 4 ایجنٹ گرفتار۔۔۔۔

 شہاب، عارف ، عبد الوحید، اعظم گوجرانوالہ،گجرات کے علاقوں سے پکڑے گئے
ملزم شہریوں سے لاکھوں بٹور کر روپوش ہوگئے تھے،ایف آئی اے کی تفتیش جاری 
گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ)ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث اشتہاری سمیت 4 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا جوشہریوں سے لاکھوں روپے بٹور کر روپوش ہوگئے تھے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کی شناخت شہاب مشتاق، عارف ، عبد الوحید اور اعظم کے نام سے ہوئی۔ملزموں کو گوجرانوالہ اور گجرات کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم عبدالوحید نے سمندر کے راستے یونان بھجوانے کیلئے 26 لاکھ سے زائد بٹورے اور شہری کو یونان کی بجائے لیبیا بھجوادیا۔ ملزم اور اسکے ساتھیوں نے شہری کو لیبیا میں سیف ہائوسز میں محصور کیا اور تاوان کا مطالبہ کیا۔ بعدمیں اسے کشتی پرغیر قانونی یونان سمگل کرنیکی کوشش کی،کشتی کو حادثہ پیش آنے پر کئی پاکستانیوں کی موت واقع ہوئی،متاثرہ شہری کو یونانی حکام نے ریسکیو کیا۔ملزم شہاب مشتاق نے شہریوں کو کینیڈا بھجوانے کیلئے 61 لاکھ سے زائد ہتھیائے۔ملزم عارف نے شہری کو ملائیشیا بھجوانے کیلئے2 لاکھ روپے اور 3500 ملائیشین رنگٹ لیے جبکہ ملزم اعظم 2010سے مفرور تھا جس نے شہری کو ملائیشیا بھجوانے کیلئے 97 ہزار وصول کیے۔ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔