3 بڑے ڈیمز میں پانی کا ذخیرہ گزشتہ سال سے4 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ کم
تربیلا، منگلا ، چشمہ میں گزشتہ سال پانی کا ذخیرہ 8 لاکھ 88ہزار ایکڑ فٹ تھا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے تین بڑے ڈیمز تربیلا، منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 3 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا۔واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق پانی کا ذخیرہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 4 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ کم ہے اور گزشتہ سال ان دنوں تربیلا، منگلا اور چشمہ میں پانی کا ذخیرہ 8 لاکھ 88ہزار ایکڑ فٹ تھا جبکہ رواں سال پانی کا ذخیرہ 3 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔گزشتہ سال 7 اپریل کو تربیلا میں 2 لاکھ 65 ہزار ایکڑ فٹ پانی کا ذخیرہ تھا اور گزشتہ روز 81 ہزار ایکڑ فٹ تھا۔ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 4لاکھ 12 ہزار ایکڑ فٹ تھا اورگزشتہ روز 2 لاکھ 48 ہزار ایکڑ فٹ تھا، چشمہ بیراج میں پانی کا ذخیرہ 2لاکھ 11ہزار ایکڑ فٹ تھا، گزشتہ روز 72ہزار ایکڑ فٹ تھا۔ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 18600کیوسک ہے جبکہ گزشتہ سال 7 اپریل کو پانی کی آمد 19200 کیوسک تھی۔ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 21800 کیوسک ہے،گزشتہ سال پانی کی آمد 33200کیوسک تھی۔چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 32200کیوسک ہے اور گزشتہ سال 51700کیوسک تھی۔