وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایس او ایس چلڈرن ویلج انٹرنیشنل کے صدر ڈیری جے وردوفا سے ملاقات کی، جس دوران یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے یتیم بچوں کے تحفظ، تعلیم، اور ان کی ذہنی و جسمانی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایس او ایس ویلج کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ تنظیم بے سہارا بچوں کو نہ صرف محفوظ چھت فراہم کرتی ہے، بلکہ انہیں معیاری تعلیم بھی دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایس او ایس ویلجز کا ماڈل بے سہارا بچوں کے لیے ایک قابل تحسین اقدام ہے، جو انہیں ایک بہتر مستقبل کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے چائلڈ کیئر ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے اور اس میں ایس او ایس انٹرنیشنل کا شراکتی کردار اہم ہوگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت پنجاب اس ذمہ داری کو ماں کے جذبے سے نبھا رہی ہے۔
ایس او ایس ویلج کے صدر ڈیری جے وردوفا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی چائلڈ کیئر پالیسیز کو سراہا اور کہا کہ یہ پالیسی ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے ایک امید کا پیغام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا بچوں کے حقوق کے حوالے سے وژن ایک مثبت قدم ہے جو معاشرے کے تمام بچوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ملاقات کے دوران یہ بھی طے پایا کہ پنجاب میں ایس او ایس ماڈل کے فروغ اور بہتری کے لیے مزید تعاون کیا جائے گا، تاکہ یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے بہتر تعلیمی و رہائشی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔