لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سانحہ کاہنہ کے شہید بچوں کی یاد میں شروع کیے گئے "اپنی چھت، محفوظ چھت" منصوبے کا ڈیجیٹل پورٹل لانچ کر دیا۔
اس منصوبے کا مقصد کمزور اور غیر محفوظ گھروں کو مضبوط بنانے کے لیے شہریوں کو بلاسود قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔تقریب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کے لیے قرضوں کی ماہانہ اقساط میں نمایاں کمی کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت 5 لاکھ روپے کے بلاسود قرض کی ماہانہ قسط 14 ہزار روپے کے بجائے تقریباً 4 ہزار 700 روپے مقرر کی جائے۔مریم نواز کے مطابق 10 لاکھ روپے تک قرض حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے ماہانہ قسط 9 ہزار 300 روپے رکھی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔اس اسکیم کے تحت شہری اپنے گھروں کی خستہ حال چھتوں کو محفوظ بنانے، اضافی کمرہ تعمیر کرنے یا دوسری منزل کی تعمیر کے لیے بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔ پانچ لاکھ روپے کے قرض کی واپسی نو سال کے عرصے میں تقریباً 4 ہزار 700 روپے ماہانہ اقساط کے ذریعے کی جائے گی۔منصوبے کے حوالے سے بریفنگ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے دی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تیاری پر متعلقہ حکام اور ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گھر صرف اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں بلکہ تحفظ، سکون اور خاندان کی سلامتی کی علامت ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محفوظ گھر ہر فرد کو اعتماد اور اطمینان فراہم کرتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ کاہنہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیر کے دوران چھت گرنے سے 14 معصوم بچوں کی جانیں ضائع ہوئیں، جس کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد وہ شدید غمزدہ ہوئیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو قریب سے محسوس کیا۔مریم نواز نے کہا کہ شدید بارشوں، آندھیوں اور دیگر موسمی حالات کے دوران کمزور چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں۔ "اپنی چھت، محفوظ چھت" منصوبہ ایسے ہی خطرات کو کم کرنے اور شہریوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی کوشش ہے کہ ہر خاندان کو محفوظ اور مضبوط رہائش کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔