صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے معیاری خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے:سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے معیاری خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے،پارلیمان صحت کے شعبے میں قانون سازی کے لیے پر عزم ہے۔پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صحت اللہ تعالی کی جانب سے ایک عظیم نعمت ہے۔ صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ اور خوشحال قوم کی ضمانت ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی یوم صحت عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ صحت مند طرز زندگی اپنانا بیماریوں سے بچا کیلئے ضروری ہے۔ صحت مند رہنے کیلئے معیاری خوراک کا استعمال ضروری ہے۔ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے معیاری خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔