صنعا: یمنی فوج نے وسطی یمن میں حوثی گروپ کے ٹھکانوں، فوجی گاڑیوں اور جنگجوؤں کے اجتماعات پر 13 فضائی حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
انادولو کے مطابق یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے بتایا کہ فضائی حملوں میں البیضاء گورنری کے الشریہ، ذی نعیم، البیضاء اور السوادیہ اضلاع میں حوثیوں کے مختلف ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک میزائل لانچر تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔یمنی فوج کے مطابق جنوبی صوبے الضالع میں بھی ایک الگ کارروائی کی گئی، جہاں مریس محاذ کے جبل ناصہ پر حوثیوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور تھرمل نگرانی کے نظام کو تباہ کردیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ فضائی حملوں کا مقصد حوثیوں کی فوجی صلاحیت، کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام اور میزائل تنصیبات کو نقصان پہنچانا تھا۔ تاہم حملوں کے نتیجے میں ممکنہ جانی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔یمن میں حالیہ دنوں کے دوران حوثیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت دیکھی گئی ہے، جس کے باعث ملک میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔