یمن میں حوثیوں کے خلاف سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کا بڑا آپریشن، 136 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ

یمن میں حوثیوں کے خلاف سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کا بڑا آپریشن، 136 فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ

یمن میں سعودی قیادت میں اتحادی فورسز نے حوثیوں کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 اتحادی فورسز کے ترجمان کے مطابق حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں اب تک 136 فوجی اہداف کو تباہ کیا جا چکا ہے۔ کارروائیوں میں بالخصوص حوثیوں کے بیلسٹک میزائل نظام اور دیگر عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اتحادی فورسز کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغامات میں بتایا کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد حوثیوں کی عسکری طاقت محدود کرنا اور ان کی میزائل حملے کرنے کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔ ترجمان کے مطابق حوثیوں کے میزائل نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لیے فضائی کارروائیاں جاری ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمنی مسلح افواج کو چوبیس گھنٹے فضائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ زمینی کارروائیوں میں مدد دی جا سکے اور فوجی اہداف کے حصول کو ممکن بنایا جا سکے۔ اتحادی فورسز نے یمن میں حوثیوں کے متعدد ٹھکانوں پر فضائی حملوں کی بھی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب حوثی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی قیادت میں اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں یمن کے شمال مغربی صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔اتحادی فورسز کے مطابق یہ کارروائیاں یمن میں جاری فوجی آپریشن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد حوثیوں کی عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچانا اور ان کی جانب سے میزائل حملوں کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ آپریشن کے دوران تباہ کیے گئے 136 اہداف کی مکمل تفصیلات اور ان حملوں کے مجموعی اثرات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔

 یمن میں تازہ کشیدگی کے باعث خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے، جبکہ بحیرۂ احمر اور باب المندب کے اہم بحری راستوں کے تحفظ پر بھی توجہ مرکوز ہے۔ یہ راستے عالمی تجارت اور بحری آمدورفت کے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔