مریم نواز سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر کی ملاقات، مختلف منصوبوں پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

مریم نواز سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر کی ملاقات، مختلف منصوبوں پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں مختلف شعبوں میں تعاون، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کارڈیک ہسپتال، چلڈرن ہسپتال اور کینسر ہسپتال کے منصوبوں میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔مریم نواز اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر کے درمیان نرسنگ کی تعلیم کے فروغ اور اسکولوں میں سٹیم لیبز کے قیام سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر کسانوں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی کے لیے تین رعایتی قرضوں کے معاہدوں سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے، جبکہ پنجاب کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ’’پنجاب ایگری فوڈ انویسٹمنٹ فورم‘‘ کے انعقاد میں تعاون پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور تمام منصوبے مقررہ اہداف کے مطابق تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت، تعلیم، صاف پانی اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگلے سال تک پنجاب کی سڑکوں پر مزید 2 ہزار الیکٹرو بسیں رواں دواں ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان کو صوبے کی معاشی ترقی کے لیے ’’گیم چینجر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ ملے گا۔ملاقات میں پنجاب حکومت اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔