مریم اورنگزیب اور چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

مریم اورنگزیب اور چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور: سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، معاشی ترقی، امن و امان، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں، بلکہ یہ خاندانوں اور نسلوں تک پھیلی محبت، اعتماد اور دوستی کا مضبوط رشتہ ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت نے اس اہم منصوبے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے برآمدات میں اضافے، مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بتایا کہ چین کے تعاون سے آئندہ سال بین الاقوامی سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ ان کے مطابق پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تعداد 69 تک بڑھا دی گئی ہے، جبکہ اسے 100 تک پہنچانے کا ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیجنگ کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں اسموگ کے تدارک کے لیے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال اور فضائی آلودگی کی مؤثر نگرانی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے سپر سیڈرز اور بیلرز کا استعمال فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ زرعی باقیات کو ضائع کرنے کے بجائے معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے جدید طریقوں کو اپنانے پر بھی کام جاری ہے۔ملاقات میں گرین انرجی اور ماحول دوست سفری سہولتوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے اور طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر کام جاری ہے۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا۔چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔