مریم نواز اور ورلڈ بینک کے صدر نے پنجاب میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا

مریم نواز اور ورلڈ بینک کے صدر نے پنجاب میں ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور ان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے صحت، تعلیم، اپنی چھت، اپنا گھر، ستھرا پنجاب، کلائمیٹ اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران ورلڈ بینک اور پنجاب حکومت کے درمیان شراکت داری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں کو سراہا اور پنجاب میں جاری ٹورازم، تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے صوبے کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیا اور مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے سرمایہ کاری اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نہ صرف صوبے میں آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے گا بلکہ اقتصادی ترقی کو بھی متحرک کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، گورننس اور زراعت میں بہتری کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں، جس کا مقصد صوبے میں کارکردگی، شفافیت اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، عالمی آئی ٹی سرٹیفیکیشنز، اور ای-پروکیورمنٹ جیسے اقدامات گورننس سسٹم میں بہتری لا رہے ہیں، جبکہ ورلڈ بینک کے تعاون سے آبپاشی کے نظام کو بھی جدید بنایا گیا ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تقویت دی جائے گی، تاکہ صوبے میں شفافیت، اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل ہوں۔