وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک تعلیم، صحت اور دیگر سماجی و ترقیاتی شعبوں میں پنجاب کی قابل قدر معاونت کر رہا ہے۔
حکومت پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی مضبوط، مؤثر اور دیرینہ شراکت داری کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔یہ بات انہوں نے سبکدوش ہونے والے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ناجے بن حسین کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی 2020 سے پاکستان میں نمایاں خدمات کو سراہا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
پنجاب میں ورلڈ بینک کے تحت ترقیاتی منصوبے
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں ورلڈ بینک کے تعاون سے 2.4 ارب ڈالر مالیت کے 12 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن، ریزیلینٹ اِنکلیوسو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن، اور ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ جیسے شعبوں میں سروسز کی بہتری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف عوام کی زندگیوں کو بہتر بنا رہے ہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔