وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کووڈ-19 اور 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کی حمایت پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجے بنگا کی قیادت میں بینک کو زیادہ مؤثر ترقیاتی شراکت دار میں تبدیل کرنے کے اقدامات کو سراہا۔وزیراعظم نے عالمی بینک صدر کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری، موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ اور وسائل کے بہتر استعمال جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات نے پاکستان کو معاشی استحکام، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور پائیدار ترقی کی طرف گامزن کیا ہے۔
شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کی بھی تعریف کی، جس کے تحت پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کے مؤثر نفاذ کے لیے صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر ورلڈ بینک نے پاکستان کی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق طویل مدتی اقدامات کے لیے تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔