شفیق آباد پولیس نے 12 سالہ لاوارث بچی والد کے حوالے کردی

لاہور(کرائم رپورٹر) شفیق آباد نیازی بتی چوک سے لاوارث حالت میں ملنے والی 12 سالہ بچی کو پولیس نے چند گھنٹوں کی کاوشوں کے بعد والد کے حوالے کردیا۔ شفیق آباد پولیس کو 15 پر کال موصول ہوئی، جس پر پولیس نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق بچی کی شناخت سدرہ کے نام سے ہوئی جو مانوالہ کی رہائشی تھی، تاہم وہ اپنا مکمل پتہ بتانے سے قاصر تھی۔ پولیس نے ورثاء سے رابطے کے لیے ہیومین انٹیلیجنس اور سوشل میڈیا سے مدد حاصل کی، جس کے نتیجے میں چند گھنٹوں میں بچی کے والد کا سراغ لگا لیا گیا۔ بعدازاں پولیس نے بچی کو بحفاظت والد کے سپرد کردیا۔ بیٹی کے بحفاظت ملنے پر والدین نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کہا کہ عوام الناس کی حفاظت اور مدد لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔