24 گھنٹے، 1343 ٹریفک حادثات

 پنجاب بھر میں 1584 افراد متاثر، 729 شدید زخمی ہوئے ، موٹرسائیکل حادثات 80 فیصد رہے
لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1343 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 729 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 842 معمولی زخمی افراد کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی جس سے ہسپتالوں پر اضافی بوجھ بھی کم ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق ان حادثات میں 80 فیصد تعداد موٹرسائیکل حادثات کی ہے، اس لیے روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدر آمد اور لائن و لین کے نظم و ضبط کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق حادثات میں 903 ڈرائیورز، 73 کم عمر ڈرائیورز، 536 مسافر اور 145 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم میں 211 ٹریفک حادثات کی کالز موصول ہوئیں، جن میں 252 متاثرین کے ساتھ لاہور پہلے، فیصل آباد 84 حادثات اور 96 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 83 حادثات اور 88 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ مجموعی طور پر 1584 متاثرین میں 1264 مرد اور 320 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 351 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 812 کی عمر 18 سے 40 سال اور 411 افراد کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔ حادثات میں 1458 موٹرسائیکلیں، 102 آٹو رکشے، 153 کاریں، 29 وینز، 14 مسافر بسیں، 34 ٹرک اور 71 دیگر اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔